وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آج قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی وزیر اعظم عمران خان سے بات ہوئی ہے۔
قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیرداخلہ شیخ رشید نے صحافیوں کو بتایا کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم سے گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دی۔
شیخ رشید نے کہا کہ اجلاس میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا وائرس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں کورونا اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
عمران خان نے ایس او پیز پر ہر صورت عملدر آمد کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایس او پیز میں غفلت نہ برتی جائے۔
عمران خان نے کہا کہ سندھ حکومت نے دو ہفتوں کے لاک ڈاؤن کی تجویز دی، ہم مکمل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی برقرار رہے گی، ہماری اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پہلے بھی کامیاب رہی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ توازن کی پالیسی اختیار کرنی ہے تاکہ غریب آدمی اور ملکی معیشت کم سے کم متاثر ہو۔
عمران خان نے کہا کہ کورونا کی گذشتہ لہر میں پاکستان میں دو کروڑ افراد کا روزگار متاثر ہوا، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی وجہ سے غریب طبقات کو موثر ریلیف فراہم کیا گیا۔