• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی، گیسٹرو پھیلنے کا خطرہ، بہاولپور سمیت پنجاب بھرکے ہسپتالوں میں ہائی الرٹ

بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر کے میڈیکل  و ٹیچنگ کالجز کے پرنسپلز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور دیگر ہیلتھ کیئر اداروں کے سربراہان کو جاری کردہ مراسلے میں بتایاگیاہے کہ موجودہ موسم ڈینگی فیور اور گیسٹرو کیلئے انتہائی موزوں ہے۔  میٹنگ میں اس بات کاانکشاف کیاگیاتھا کہ ڈینگی کی وباء خصوصا پنجاب میں تین سے پانچ سال کے بعد شدت سے پھیل سکتی ہے اوراس حوالے سے 2016ء کاسال ڈینگی کے کیسیز میں تشویشناک حد تک اضافے کاسال ہوسکتاہے خصوصا اگر فوری بچاؤ کے لئے اقدامات نہ اٹھائے گئے۔ اس حوالے سے پنجاب کے اضلاع بہاولپور، ملتان، لاہور، راولپنڈی، خانیوال، سیالکوٹ، ٹیکسلا، شیخوپورہ، مظفرگڑھ، اٹک اورفیصل آباد انتہائی حساس ہیں۔ لہٰذا ہدایت کی جاتی ہے کہ ہسپتالوں میں قائم ڈینگی کنٹرول کاونٹرز اینڈ ٹریٹمنٹ سنٹرز کو ہنگامی طورپر فعال بنایاجائے اور 24گھنٹے کھلارکھاجائے۔ جبکہ ان سینٹرز میں ٹرینڈ اورتجربہ کار سٹاف جس میں ایک میل اورایک فی میل سینئر رجسٹرار رینک شامل ہوں مقرر کئے جائیں۔ آئیسولیشن وارڈز میں بھی مکمل سٹاف اورضروری ادویات وافر مقدار میں میسر ہوں۔ ان سینٹروں میں آنے والے مریضوں کوسینئر ڈاکٹرز اس بیماری کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کریں۔ تمام ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کاڈیٹا پی آئی ٹی بی ڈیش بورڈ میں انٹر کئے جائیں۔ دریں اثناء  ہسپتالوں میں گیسٹروکے حوالے سے تمام انتظامات اورمیڈیسنز کی فراہمی کویقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
تازہ ترین