• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی اسکینڈل، جہانگیرترین کا کوئی قصور نہیں، شاہد خاقان

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی چینی اسکینڈل میں جہانگیر ترین کو بے قصور سمجھتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چینی اسکینڈل میں جہانگیر ترین کا کوئی قصور نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دعا کرتا ہوں کہ مہنگائی قابو میں آجائے لیکن اس حکومت سے ایسا ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔


سینئر ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ چینی اسکینڈل میں جہانگیر ترین کا کوئی قصور نہیں، قصور ان کا ہے جنہوں نے چینی برآمد کرنے کا فیصلہ کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارت سے تجارت کے فیصلے پر پارلیمان کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا، جو کچھ سینیٹ میں ہوا اُس کے بعد پیپلز پارٹی پر اعتماد میں کمی آئی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہماری جماعت کا فیصلہ ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف تسلیم نہیں کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی اگر پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو پی ڈی ایم میں بات کرے، ہم کسی سودے والی ڈیل میں پڑنا نہیں چاہتے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جب تک پی ڈی ایم میں استعفوں سے متعلق فیصلہ نہیں ہوتا ہم ضمنی الیکشن لڑیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کی نیت انتخابی اصلاحات سے متعلق یہ ہے کہ ووٹ چوری کا راستہ نکالا جائے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں نے ایسی کوئی بات نہیں سنی کہ مریم نواز شدید بیمار ہیں اور وہ ملک سے باہر جانا چاہتی ہیں۔

تازہ ترین