گزشتہ روز منشیات کیس میں گرفتار ہونے والے بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 7 کے کنٹسنٹنٹ اور اداکار اعجاز خان نے انکشاف کیا ہے جو گولیاں اُن کے گھر سے ملیں وہ اُن کی اہلیہ استعمال کرتی تھیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اعجاز خان نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی تفتیش کے دوران ایک اہم انشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’ماضی میں میری اہلیہ کا حمل ضائع ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ ڈپریشن میں چلی گئی۔‘
اعجاز خان نے کہا کہ ’این سی بی کے چھاپے کے دوران میرے گھر سے جو گولیاں برآمد ہوئیں وہ میری نہیں بلکہ میری اہلیہ کی ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ڈپریشن کی شکار میری اہلیہ اُن گولیوں کا استعمال پُرسکون نیند کے لیے کرتی ہے۔‘
واضح رہے کہ دو روز قبل ممبئی ایئرپورٹ سے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی ٹیم نے اداکار اعجاز خان کے منشیات کیس میں حراست میں لیا تھا۔
منشیات کیس کے معاملے میں این سی بی کی جانب سے اعجاز خان کی 8 گھنٹے تک تفتیش کی گئی جس کے بعد آج اُنہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
تلاشی کے دوران اعجاز خان کی رہائش گاہ سے الپرازولم کی گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ممبئی پولیس کے سائبر پولیس اسٹیشن نے مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ’ٹِک ٹاک‘ پر متنازع ویڈیو میں ممبئی پولیس کا مذاق اڑانے پر اعجاز خان کو گرفتار کیا تھا۔
متعدد ہندی اور تلگو فلموں میں کام کرنے والے اعجاز خان کو سب سے پہلے عوام کی توجہ اس وقت ملی جب انہوں نے بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کے 7ویں سیزن میں بطورِ کنٹسٹنٹ حصہ لیا تھا۔