ملتان (این این آئی)ملتان کے نجی اسپتال میں ایک ہی روز آنکھوں کا آپریشن کروانے والے 16افراد کی بینائی متاثر ہوگئی۔ ملتان کے نواحی علاقے لاڑ میں ایک نجی ٹرسٹ اسپتال میں 20 مارچ کو 16 افراد کا آنکھوں کی موتیا کا آپریشن کیا گیا تھا۔ بینائی سے محروم ہونے والے شخص رانا عبدالمالک نے بتایا کہ 20 مارچ کو اس سمیت 16 افراد نے انصاف صحت کارڈ کے توسط سے نجی اسپتال میں آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق سے آپریشن کروایا۔ انہوں نے کہاکہ 16 افراد میں 7 خواتین بھی شامل تھیں، آپریشن کے چند گھنٹوں بعد ہی تمام مریضوں کی آنکھوں میں درد شروع ہو گیا جس پر انتظامیہ نے ایک رات اسپتال میں رکھ کر صبح تمام مریضوں کو فارغ کردیا۔تمام مریضوں کی آنکھوں کی بینائی مکمل طور پر ختم ہو چکی تھی جبکہ تمام مریض اِس وقت ملتان اور لاہور کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔آپریشن کرنے والے آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق کے مطابق آپریشن کرنے میں کوتاہی نہیں ہوئی بلکہ انفیکشن سے تمام افراد کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔