• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان میں گندم خریداری کیلئے 1لاکھ 84ہزار 557میٹرک ٹن ہدف مقرر

ملتان (سٹاف رپورٹر) ضلع ملتان میں گندم خریداری کے لئے1لاکھ 84ہزار 557 میٹرک ٹن کا ہدف مقرر کر دیا گیا ۔کاشتکاروں کو باردانہ کی فراہمی 5اپریل سے شروع کی جائے گی۔ کاشتکار 500بیگ تک باردانہ سنٹر سے حاصل کر سکیں گے جبکہ 1000 بیگ تک باردانہ جاری کرنے کا اختیار ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو حاصل ہو گا۔ضلع میں17گندم خریداری مراکز قائم کر دئیے گئے ہیں جن میں 5مستقل اور12 عارضی گندم خریداری مراکز شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد کی زیرصدارت گندم خریداری کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا ۔ڈی ایف سی احمد جاوید نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گندم خریداری کے لئے اوپن پالیسی کا اعلان کیا ہے۔حکومت کا فوڈ سیکیورٹی پر فوکس ہے اسی لئے حکومت نے گندم کی قیمت1800 روپے فی 40کلوگرام مقرر کی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسان کو پیداوار کا پورا معاوضہ ادا کیا جائے گا اور گندم خریداری مراکز پر کوئی شکایت برادشت نہیں کی جائے گی۔اگر کسی اہلکار بارے شکایت موصول ہوئی تو اسے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع سے گندم باہر لے جانے پر مکمل پابندی ہو گی۔گندم بارے پابندی پر عملدر آمد کے لئے 23 چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی جہاں پولیس تعینات کی جائے گی۔گندم خریداری کے لئے ملتان میں7شجاع آباد اور جلالپور میں پانچ پانچ سنٹر قائم کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کے بیٹھنے کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔تمام اسسٹنٹ کمشنرز گندم خریداری مراکز کے مسلسل دورے کریں اور انتظامات کا جائزہ لیں۔
تازہ ترین