راولپنڈی (نمائندہ جنگ) بلدیاتی اداروں کو اپنے شہریوں کی خدمت کرنے کا اعزاز حاصل ہے، ان میں شعبہ سینی ٹیشن کا کردار بہت اہم ہے۔ یہ شعبہ اپنی خدمت کو عبادت کا درجہ دیتا ہے۔ اس شعبہ میں سنیٹری ورکر ایسا اہلکار ہے جو سردی گرمی بارش طوفان حتیٰ کہ جنگ سمیت ہر مشکل حالات میں خواہ کورونا جیسی موذی وباء ہی کیوں نہ ہو، فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کرتا ہے۔ خود ہر تکلیف اور بیماری برداشت کرتا ہے لیکن شہریوں کیلئے سکون اور اطمنان کا باعث بنتا ہے۔ سینی ٹیشن سٹاف نے موجودہ کورونا کی وباء کے دوران ثابت کیا کہ سنیٹری ورکرز قومی ہیروز ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنرو ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے میونسپل لیبر یونین میٹرو پولیٹن راولپنڈی کی جانب سے منعقدہ سلام سینی ٹیشن ڈے تقریب میں کیا۔ کمشنر نے کہا کہ شہریوں کا بھی فرض ہے کہ وہ سنیٹری ورکرز کی عزت و توقیر کریں اور صفائی کے معاملہ میں ان سے ہرممکن تعاون کریں۔ اداروں کو بھی اپنے ان ہیروز کیلئے بہتر سے بہتر سہولیات دینے کی کاوش کرنی چاہئے۔ کمشنر راولپنڈی نے تقریب میں موجود تمام ورکرز کو یقین دلایا کہ اُنکے دفتر کے دروازے ان کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ تقریب میں میونسپل لیبر یونین کے صدر راجہ ہارون الرشید، جنرل سیکریٹری شاہد رضا پادری، چیئرمین طارق یوسف، پرویز چیدا، شکیل صادق اور جاوید احمد کے علاوہ دیگر عہدیداروں اور کثیر تعداد میں سنیٹری ورکرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ورکرز کو پھول پیش کئے گئے۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے چیف آفیسر علی عباس بخاری و دیگر میٹرو پولیٹن افسران نے بھی شرکت کی۔ دریں اثناءکمشنر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر زیادہ شدید اور خطرناک ثابت ہو رہی ہے لہذا تمام حکومتی کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی ناقابلِ برداشت ہو گی، انہوں نے کہا کہ دکانوں کے اوقات کار پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے،ہوٹل صرف پارسل کی سہولت فراہم کر سکتے ہیں اگر کوئی خلاف ورزی ہو رہی ہے تو فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یہ باتیں انہوں نے کمشنر آفس میں کورونا ایس او پیز کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں، اجلاس میں آر پی او عمران احمد، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق شریک ہوئے جبکہ اٹک، جہلم اور چکوال کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک سے اجلاس میں شریک ہوئے۔ کمشنر نے کہا کہ تمام انتظامی افسران ذاتی طور پر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کا طور پر جائزہ لیں اور بھاری جرمانے عائد کریں۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں اور مارکیٹس کے اوقات کار پر عمل درآمد کیلئے مقامی تاجر نمائندوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے،انتظامی افسران شہریوں میں ماسک تقسیم کریں اور جو لوگ ماسک کے بغیر باہر موجود پائے جائیں ان کے خلاف بھی ضروری کارروائی کی جائے-