فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے جائزہ رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے معلومات تک رسائی کے قانون پر کتنا عمل ہوا؟
فافن رپورٹ میں وفاقی حکومت کی 33 وزارتوں کی 40 ڈویژنز کے معلومات نہ دینے کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کی 33 وزارتوں کی 40 ڈویژنز میں سے کسی ڈویژن نے معلومات تک رسائی کے قانون کی دفعہ 5 پر مکمل عمل نہیں کیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ وزارتیں درکار لازمی معلومات عوام کےلیے ویب سائٹ پر جاری کرنے کے قانونی تقاضے پر موثر اور مکمل عملدرآمد نہیں کر رہیں۔
فافن رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ معلومات نہ دینا گمراہ کن اور غلط معلومات پھیلنے کا باعث بنتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ عوامی دلچسپی و اہمیت کی معلومات آن لائن جاری کرنے کے قانون پر سب سے زیادہ کابینہ ڈویژن اور بین الصوبائی رابطہ ڈویژنز نے 42 فیصد عمل کیا۔
فافن رپورٹ کے مطابق آئین کے مطابق وزارتوں نے عوامی اہمیت کی معلومات آن لائن جاری کرنا ہے،31 سے 40 فیصد عمل کرنے والی 15 ڈویژنز میں سے 6 خصوصی اقدامات کر رہی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اسٹیبلشمنٹ، پیٹرولیم، قومی ورثہ، ریونیو، داخلہ، پلاننگ ڈویژنز، تجارت، مواصلات، وفاقی تعلیم، خارجہ امور، نجکاری، مذہبی امور اور آبی وسائل نے 35 تا 38 فیصد عمل کیا۔
فافن رپورٹ کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی اور آئی ٹی و ٹیلی مواصلات کی ڈویژنز نے قانون پر31 فیصد، ہوا بازی، دفاع، دفاعی پیداوار، اقتصادی امور، توانائی، انسانی حقوق ڈویژنز نے قانون پر 27 فیصد عمل کیا۔
رپورٹ کے مطابق قانون و انصاف، پارلیمانی امور، ریلویز اور سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژنز نے قانون پر27 فیصد، خزانہ امور، صنعت و پیداوار اور فوڈ سیکیورٹی ڈویژنز کی جانب سے عملدرآمد کی شرح 23 فیصد رہی۔
فافن رپورٹ میں کہا گیا کہ 9 ڈویژنز کی معلومات کی رسائی کے قانون پر کارکردگی11 سے 20 فیصد کے درمیان رہی، ان میں ہاؤسنگ و تعمیرات، انفارمیشن و براڈ کاسٹنگ، پورٹ اینڈ شپنگ، نارکوٹکس کنٹرول، قومی صحت، ریگولیشنز کوآرڈینیشن اور اوورسیز، قومی سلامتی، امور کشمیر و گلگت بلتستان ڈویژن رہی ہے۔