قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے جنوبی افریقا کے خلاف اپنی 193 رنز کی یادگار اننگز کے دوران کئی ریکارڈ توڑ دیے۔
جوہانسبرگ میں جنوبی افریقا کے 342 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اکیلے ہی مردِ بحران ثابت ہوئے، تاہم وہ ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کرسکے۔
انہوں نے اس دوران دوسری اننگز میں پاکستان کی طرف سے 193 رنز کی ریکارڈ ساز باری کھیلی۔
فخر زمان اپنی اننگز کے دوران ایک لحاظ سے سابق مایہ ناز اوپنر سعید انور سے آگے اور دوسرے لحاظ سے اُن کے قریب پہنچ گئے۔
سعید انور نے بھارت کے خلاف 194 رنز کی اننگز کھیلی تو اُن کا ٹیم کے مجموعی اسکور میں حصہ 59 اعشاریہ 32 فیصد تھا جبکہ آج فخر زمان نے ٹیم کے اسکور میں اپنا حصہ 59 اعشاریہ57 فیصد ڈالا۔
فخرزمان کی آج کی اننگز کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی شاندار الفاظ میں سراہا اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اس کے اعداد و شمار شیئر کیے۔
اسی طرح فخر زمان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں دوسری اننگز میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔
انھوں نے آسٹریلیا کے شین واٹسن کے 186 رنز کا ریکارڈ توڑا جو انھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف بنایا تھا۔
جنوبی افریقی ٹیم کی کامیابی کے باوجود فخر زمان کو آج کے میچ میں شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔