• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین سینیٹ کیخلافPP تحریک عدم اعتماد لائے،حمایت کرونگا، شاہد خاقان


کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جس اپوزیشن میں بی اے پی کے لوگ بیٹھے ہیں وہ فرینڈلی اپوزیشن ہے، اگر وہ فرینڈلی اپوزیشن نہیں تو چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لائے، بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان اسٹیبلشمنٹ کی مرضی کے بغیر یوسف رضا گیلانی کو ووٹ نہیں دے سکتے، پیپلز پارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس مولانا فضل الرحمن کی مرضی سے جاری ہوا ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سے بھی گفتگو کی گئی۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ فرینڈلی اپوزیشن کا الزام سوچا سمجھا منصوبہ ہے، ہم نے ابھی تک لب کشائی نہیں کی اگر ہم نے لب کشائی کردی تو مسلم لیگ (ن) کے لیے بڑا مسئلہ ہوگا۔پیپلز پارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس جاری کرنا تعجب کی بات ہے، پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کی خالق ہے ہمیں ہی شوکاز نوٹس دیا جارہا ہے، پنجاب اور قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے، پیپلز پارٹی نہ کبھی فرینڈلی اپوزیشن رہی ہے نہ کبھی بنے گی، ن لیگ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پیپلز پارٹی پر حملہ آور ہوئی ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اب تک کورونا ویکسین کی 10لاکھ ڈوزز لگائی جاچکی ہیں،سرکاری سطح پر مفت ویکسین لگائی جارہی ہے انتظامی چارجز بھی نہیں لیے جارہے۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پیپلز پارٹی کو فرینڈلی اپوزیشن نہیں کہا، فرینڈلی اپوزیشن اس اپوزیشن کو کہا ہے جس میں حکومتی بنچ یعنی باپ پارٹی کے لوگ بیٹھے ہیں۔

تازہ ترین