• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہاکی ٹیم دسویں ایشیا کپ میں حصہ لے گی

کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) ایشیئین ہاکی فیڈریشن نے دسویں  ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی بھارت کو دے دی ہے جو نئے شیڈول کے مطابق رواں برس 30ستمبر سے 8اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل اس ایونٹ کی میزبانی مسقط کو دی گئی تھی مگر ان کے ہاکی حکام نے بعض مسائل کی وجہ سے انکار کردیا ہے ۔پاکستان کی ہاکی ٹیم  اس ایونٹ میں حصہ لے گی جس کے لئے قومی ہاکی ٹیم کا تر بیتی کیمپ اگست میں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، قومی ہاکی ٹیم کے چیف کوچ اور منیجر حنیف خان نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کیمپ سے قبل کھلاڑیوں کا فٹنس کیمپ لگایا جائے گا جس میں ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا، فٹنس کیمپ دس روز کا ہوگا جس کے بعد مکمل طور پر فٹ کھلاڑیوں کو کیمپ میں شامل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے ٹیم انتظامیہ کو تشویش ہے جس پر بہت زیادہ کام کرنا ہوگا،ایشیا کپ میں سنیئر کھلاڑیوں کی واپسی کے بارے میں حنیف خان نے کہا ہے کہ وہ سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کر کے سینئر کھلاڑیوں کو فٹنس کیمپ میں مدعو کریں گے جو کھلاڑی فٹنس کے معیار پر پورا اترا انہیں ضرور ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا، اذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ میں ٹیم میں شامل کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کی فٹنس لیول اچھا نہیں تھا اور وہ کسی انجانے خوف کا شکار نظر آئے۔ اکثر کھلاڑیوں میں اعتماد کی کمی بھی نمایاں تھی جس کی وجہ سے وہ جونیئر کھلاڑیوں میں بھی اعتماد پیدا نہیں کرسکے،حنیف خان نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کے ساتھ اختلافات کے بارے میں پی ایچ ایف کے حکام کو آ گاہ کر چکا ہوں، میں سلیکشن کمیٹی کو ختم کرنے کے حق میں نہیں ہوں البتہ ٹیم انتظامیہ کو سلیکشن کمیٹی کا حصہ ضرور ہونا چاہئے، میدان میں اچھے نتائج حاصل کرنا کوچز کی ذمے داری ہے۔ 
تازہ ترین