• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی اور اے این پی کو شوکاز کا مقصد شرمندہ کرنا نہیں، شاہد خاقان


کراچی ( ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی پی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس دینے کا مقصد انہیں شرمندہ کرنا نہیں ہے ، وضاحت طلب کی گئی، انہیں جواب دینا چاہئے، سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ پی ڈی ایم میں ٹوٹ پھوٹ غیرمتوقع نہیں ہے، پیپلز پارٹی پی ڈی ایم سے علیحدہ ہوئی تو اسے نقصان ہوگا، سابق ایم ڈی پی ایل ایل عدنان گیلانی نے کہا کہ وزارت پٹرولیم کی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر بہت دکھ ہوا ہے، عدنان گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت مجھے پسند کرتی تھی لیکن چاہتی تھی میں پچھلے والوں کے خلاف چلا جاؤں، میں کسی کے بار ے میں جھوٹ نہیں بول سکتا، مجھے بغیر کسی الزام یا چارج کے بغیر ای سی ایل پر ڈالا گیا، مجھ سے کہا گیاکہ شاہد خاقان کے خلاف بیان دوں۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کی کہانی اب ختم ہوگئی ہے، ن لیگ اور مولانا فضل الرحمن ہوں یا پیپلز پارٹی دونوں کا رویہ افسوسناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ ‘‘میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اپنے قیام کے چھ ماہ بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے،پیپلز پارٹی نے بھی شوکاز نوٹس کے معاملہ پر پی ڈی ایم کو بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے، ن لیگ کے رہنما احسن اقبال ہمارے شو میں پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ پیپلز پارٹی اسمبلیوں سے استعفے نہیں دیتی تو ن لیگ بھی نہیں دے گی،شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ وزارت پٹرولیم کی انکوائری کمیٹی نے ایل این جی سپلائرز کو اربوں روپے کی اضافی ادائیگی کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں، انکوائری رپورٹ میں پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے سابق ایم ڈی عدنان گیلانی اور سابق چیف فائنانشل آفیسر ندیم نذیر کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے پورٹ چارجز کی مد میں 2کروڑ 75لاکھ ڈالرز کی اضافی ادائیگی کا ذمہ دار قرار دیا ہے، ن لیگ کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی پی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس دینے کا مقصد انہیں شرمندہ کرنا نہیں ہے، امیر حیدر ہوتی کو واضح کردیا تھا کہ آپ نے سینیٹ میں جو کیا وہ پی ڈی ایم کے فیصلے کیخلاف ہے ہمیں آپ سے وضاحت طلب کرنا پڑے گی، پیپلز پارٹی اور اے این پی کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنا تھا تو پی ڈی ایم کا اجلاس بلا کر بتادیتے، دونوں جماعتوں سے پی ڈی ایم کے فیصلے کیخلاف عمل پر وضاحت طلب کی ہے اس کا جواب دیدیں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اے این پی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں مگر ان سے اتفاق نہیں کرسکتا، اے این پی اور پیپلز پارٹی وضاحت طلب کی گئی انہیں جواب دینا چاہئے، ن لیگ نے پی ڈی ایم کے فیصلوں کا ہمیشہ احترام کیا ہے، ن لیگ نے کوئی غلطی کی ہے تو اس کا جواب اتنی بڑی غلطی سے نہیں دیا جاسکتا، یہ معاملہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا نہیں پی ڈی ایم کا ہے۔

تازہ ترین