کراچی/ ٹنڈومحمد خاں(اسٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے مگر 73 سال گذر جانے کے باوجود یہاں ایک دن کے لیے بھی اسلام نافذ نہیں ہوا ہے جس انگریز سے ہم نے نجات حاصل کرنے کے لیے آزادی حاصل کی اسی انگریز کا نظام و شاگردوں کو ہم پر مسلط کردیا گیا ہے۔
تمام مسائل سے نجات اور کامیابی کا راستہ قرآن وسنت کا نظام ہے جس کے لیے جماعت اسلامی روزاول سے جدوجہد کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمد خان کے قریب راجونظامانی میں اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
قبل ازیں انہوں نے گوٹھ باقرنظامانی میں سندھ آبادگار بورڈ کے مرکزی صدر اور معروف زمیندار رئیس عبد المجید خان نظامانی سے ان کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت مغفرت اور درجات بلندی کی دعا کی۔ مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، امیر صوبہ محمد حسین محنتی سمیت دیگر صوبائی و ضلعی رہنما بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
سراج الحق نے اس موقع پر مسجد کا سنگ بنیاد اور خیر وبرکت کی دعا کرائی۔سراج الحق نے مزید کہاکہ سندھ کے لوگ مہمانواز اور بہت دین دار لوگ ہیں۔ مگر جو پارٹی بڑے عرصے سے برسر اقتدار ہے اس نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اضافہ اور مفاداتی سیاست کی ہے۔