• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نااہل حکمرانوں نے قومی اداروں کا شٹر ڈاؤن کردیا، الطاف شاہد

لندن(پ ر ) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں نے قومی اداروں کا شٹر ڈاؤن کردیا، بلے بازحکمرانوں اورمشیروں کے پلے کچھ نہیں،حکمران یادرکھیں اندھیرے میں تیرچلانے سے کرپشن کے انگارے نہیں بجھ سکتے۔ان کے اقتدارمیں آنے سے عوام کودرپیش مسائل مزید پیچیدہ ہوتے چلے جارہے ہیں۔عوام کومہنگائی کی گہری کھائی میں دھکا دے دیا گیا ان کیلئے زندگی بوجھ بن گئی ہے۔ماہ صیام میں ضروریات زندگی کے نرخوں کااستحکام از بس ضروری ہے ، اس سلسلہ میں وفاقی حکومت اقدامات اوراصلاحات یقینی بنائے۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمدالطاف شاہد نے مزید کہا کہ حکمران بڑی بڑی ڈینگیں مار نابنداور اپنے انتخابی وعدے وفا کریں۔انہوں نے کہا کہ شہرقائد کی تعمیر کاخواب ہمارے قائدسیّد مصطفی کمال نے شرمندہ تعبیر کیا تھا۔کراچی میں شہریوں کامعیار زندگی بلندکرنے اورمعاشی سرگرمیوں کوفروغ دینے کیلئے سیّد مصطفی کمال نے شاہراہوں سمیت ترقیاتی منصوبوں کاجال بچھادیا تھا ۔این اے249سے پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال امیدوار ہیں اوران کے میدان میں اترنے سے ووٹرزکامورال آسمان سے باتیں کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیّد مصطفی کمال کاانتخابی نشان ڈولفن عوام دوستی کاغماز ہے ۔این اے249کے عوام نے حلقہ میں دیرینہ مسائل سے نجات کیلئے سیّد مصطفی کمال کومنتخب کرنے کافیصلہ کرلیا ،اب صرف سرکاری اعلان ہونا باقی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیّد مصطفی کمال انتھک محنت سے زوال پذیراداروں کوٹیک آف کی پوزیشن پرلے آئیں گے۔
تازہ ترین