• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس‘ مردم شماری پر فیصلہ پیر تک موخر

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل مردم شماری کے نتائج کا نو ٹی فکیشن جاری کرنے پر کوئی فیصلہ نہ کرسکی جس پر فیصلہ پیر تک موخرکردیا گیا ہے ، اس ایشو پر اب پیر کو ورچوئل میٹنگ ہوگی جس میں حتمی فیصلہ کیا جا ئے گا ،اجلاس کے بعد و فاقی وزیر سائنس و ٹیکنا لوجی فواد چوہدری نے میڈیا کو بتا یا کہ مردم شماری پر مشترکہ مفادات کونسل کا دوبارہ اجلاس پیر کو ہو گا،پنجاب ،خیبرپختونخوا نے مردم شماری کے نتائج جاری کرنے کی حمایت، سندھ نے نتائج کے نوٹیفکیشن کو نئی مردم شماری سے منسلک کرنیکی تجویز پیش کی جبکہ بلوچستان نے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا، ہائر ایجوکیشن کے معاملات وفاق دیکھے گا، مردم شماری میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی بھی تجاویز دی گئیں، مشترکہ مفادات کونسل کا اسلام آباد میں مستقل سیکرٹریٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعظم آفس کے جاری اعلامیہ کے مطا بق اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکر ٹیر یٹ کے قیام ، نیپرا کی سالانہ رپورٹ بر ائے 2019.20 ، انڈسٹری کی صورتحال کی رپورٹ بر ائے 2020 ، پٹرولیم پالیسی ( تلاش و پیداوار ) 2020 میں تر میم ،سند ھ کو 3800 میگاواٹ اضافی بجلی دینے ،ایل این جی کے ریٹ طے کرنے سے متعلق تجویز کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں کونسل کے ماضی کے فیصلوں پر عمل درآ مد کی رپورٹ پیش کی گئی ، نیپرا کی سا لا نہ رپورٹ بر ائے 2018.19 اور انڈسٹری کی صورتحال کے بارے میں رپورٹ بر ائے 2019میں صو بوں کی ابزرویشن کو شامل کرنے کی منظوری دی گئی، ایل این جی کی درآ مد اور آئین کی آ رٹیکل 158اور 172(3) پر عمل درآ مد کے ایشو پر کونسل نے کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا،کمیٹی اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے صو بوں سے مذاکرات کرے گی تاکہ ملکی گیس کی پیداوار کی بڑھتی ہوئی کمی کے چیلنج سے نمٹنے اور ملکی گیس کی ضرورت کو پوار کرنے کیلئےپیداوار میں اضافہ کیلئے آگے بڑھا جاسکے، اجلاس میں متعدد فیصلے کئے گئے۔

تازہ ترین