• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ، رقم ہتھیانے والے دو افراد کو 46سال قید

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈیوٹی جج ایف آئی اے کورٹ راولپنڈی سہیل ناصر نے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر رقم ہتھیانے والے نوسر باز گروہ کے دو کارندوں کو 46سال قید اور 84لاکھ روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے تیسرے اشتہاری ملزم کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، سات نومبر 2019کو تھانہ ایف آئی اے میں درج کیس کے مطابق ٹریول مدینہ ٹورز کے نام سے کمپنی چلانے والے ملزمان شاہد عزیز، شکیل اختر اور احسان اللہ نے عبید اللہ راشد، اس کی بیوی اور تینوں نوعمر بیٹیوں کو 59لاکھ 92ہزار روپے لیکر کینیڈا بھجوانے، نوکری دلوانے اور مستقل رہائش کیلئے پندرہ مئی 2019کو کمبوڈیا بلوایا اور بے یارو مدد گار چھوڑ لاپتہ ہوگئے۔متاثرین نے کمبوڈیا میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کر کے صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے درخواست دی جس پر متاثرین کو ویزوں میں ایک برس کی ایکسٹنشن مل گئی۔ ادھر پاکستانی سفارتخانے کی درخواست پر ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر کے شاہد عزیز کو گرفتار کرلیا جبکہ شکیل اختر کی ضمانت اور احسان اللہ اشتہاری ہوگیا۔ عدالت نے تین روز میں کیس کا ٹرائل مکمل کر کے گزشتہ روز ملزمان کو امیگریشن کی دفعہ اٹھارہ کے تحت دس دس سال قید اور بیس بیس لاکھ روپے جرمانہ اور دفعہ 22کے تحت بھی اتنی ہی سزا اور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کی طرف سے دیئے جانے والے گارنٹی چیک ڈس آنر ہونے پر تین تین سال قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
تازہ ترین