• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم سے علیحدگی عوام سے غداری ہے، حاجی نور محمد

پشاور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع نوشہرہ کے سابق صدر اور پراونشل کمیٹی کے ممبر حاجی نور محمد خان نے اے این پی کی پی ڈی ایم سے علیحدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی نے اصولی سیاست کو خیر باد کہہ کر وصولی سیاست کو اپنا لیا ہے جس کی وجہ سے اے این پی کے لئے پی ڈی ایم میں رہنا گھاٹے کا سودا تھا اور اے این پی کبھی بھی گھاٹے کا سودا نہیں کرتی۔ حاجی نور محمد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی نے ذاتی مفادات کے لئے اصولوں کو قربانی کر دیا۔ مسلم لیگ کی طرف سے پشاور کی صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں کے لئے ہونے والے ضمنی الیکشن میں اصولی سیاست کو اپناتے ہوئے اے این پی کی حمایت کی جس کی وجہ سے صوبائی اسمبلی کی دونوں نشستوں پر حکمران جماعت کو تمام تر سرکاری وسائل بے دریغ استعمال کے باوجود عبرتناک شکست ہوئی اور اے این پی نے دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی لیکن صوبائی اسمبلی پی کے 63نوشہرہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پی ڈی ایم کی طرف سے مسلم لیگ کے امیدوار کی حمایت کے باوجود اے این پی کی طرف سے مسلم لیگ کے امیدوار کی حمایت کرنے کی بجائے اپنے امیدوار کو میدان میں لایا گیا۔تاہم اے این پی کے امیدوار نے سب سے کم ووٹ حاصل کئے جبکہ حکمران جماعت کی طرف سے سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کے باوجود حکمران جماعت کو شکست ہوئی اور مسلم لیگ نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ اے این پی کی طرف سے سینٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے الیکشن میں پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کی بجائے حکومت کا ساتھ دیا گیا جبکہ سینٹ کے اپوزیشن لیڈر کے سلسلے میں سازش کے تحت حکومتی پارٹی باپ کے ارکان اسمبلی کے ساتھ مل کر پی ڈی ایم کے فیصلوں سے بغاوت کی گئی۔حاجی نور محمد خان نے کہا کہ عوام نے ملک کو مزید تباہی سے بچانے مہنگائی کی خوفناک سونامی کا راستہ روکنے کے لئے نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے۔ پی ڈی ایم سے علیحدگی کا فائدہ حکمرانوں کو پہنچے گا اور ایسا کرنا عوام سے غداری ہے۔ پی ڈی ایم کو نقصان پہنچانے اور حکمرانوں کو مضبوط کرنے والے عوام سے غداری ہے۔ پی ڈی ایم کو نقصان پہنچانے اور حکمرانوں کو مضبوط کرنے والے عوام کے دشمن ہیں عوام پی ڈی ایم کے خلاف سازش کرنے والوں کو کبھی بھی معاف نہیں کریں گے ۔ حاجی نور محمد خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں آنے والی حکومت مسلم لیگ جمعیت علمائے اسلام اور قومی وطن پارٹی کی ہو گی۔
تازہ ترین