کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شادمان ٹاؤن میں خاتون کی خودکشی سے قبل آڈیو میسج آنے کے بعد پولیس نے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شارع نور جہاں تھانے کی حدود میں ثوبیہ فاروق نامی خاتون نے مبینہ طور پر خودکشی کی تھی،پولیس نے خاتون کوہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔مقدمے میں چار افراد کو نامزد کیا گیا ہے،مقدمہ قتل باالسبب کے تحت درج کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق خاتون نے خودکشی سے قبل اپنی دوست کو آڈیو بیان بھیجا تھا ،آڈیو بیان میں خاتون نے بتایا کہ محلے کے لوگ اسے بلیک میل کر رہے ہیں ،اسکے ساتھ جعلی نکاح کر کے ویڈیو بنائی گئی،خاتون کے مطابق اسے فون پر دھمکی دی جا رہی ہے کہ ہم سے آکر ملو اور اسکے بچوں کو مارنے کی دھمکی دی جا رہی ہے ۔خاتون کے مطابق میں جو قدم اٹھانے جا رہی ہوں وہ میری زندگی کا اختتام ہے ۔ پولیس نے خودکشی کرنے والی خاتون کی آڈیو ریکارڈنگ حاصل کر لی ہے اور خاتون کے بیان کو ایف آئی آر کا حصہ بنایا ہے، پولیس کے مطابق ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔