• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پھر کامیابی حاصل کرینگے،علی اسجد، بھاری اکثریت سے جیتیں گے،رانا ثناء


کراچی (ٹی وی رپورٹ) این اے 75ڈسکہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کل ایک بار پھر ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرلے گی،ضمنی الیکشن جیت کر علاقے میں بھرپور ترقیاتی کام کروائیں گے۔

عدالت میں جتنے جھوٹ الیکشن کمیشن کے وکیل نے بولے تاریخ میں کسی نے نہیں بولے ہوں گے۔ وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ 

پروگرام میں ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ اور سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی بھی شریک تھے جبکہ کراچی میمن گوٹھ میں زیادتی کا شکار ہونے والی لڑکی کے محلے دار حاجی ندیم سے بھی گفتگو کی گئی۔ 

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ن لیگ این اے 75ڈسکہ سے بھاری اکثریت سے جیتے گی، الیکشن کمیشن صاف و شفاف انتخاب کروانے میں کامیاب ہوگا یا نہیں صورتحال کل واضح ہوگی، ہماری اطلاع کے مطابق 127 پریزائیڈنگ افسران اسجد ملہی کے چنے ہوئے ہیں۔

شبر زیدی نے کہا کہ حکومت کو مزید 1200ارب روپے ٹیکس وصولی کا ٹارگٹ نہیں رکھنا چاہئے، پاکستان اس وقت بلاواسطہ ٹیکسز کے ریٹ بڑھانے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

حاجی ندیم نے کہا کہ اجتماعی زیادتی کی شکار بچی کے غریب اہل خانہ دھمکیوں سے خوفزدہ ہیں، لڑکی والوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ زیادتی کرنے والے چار لڑکوں میں سے کسی لڑکے سے لڑکی کا نکاح کروادیتے ہیں،مولا بخش عرف مولو اور انور شاہ دباؤ ڈال رہے ہیں کہ مقدمہ درج نہ کیا جائے۔

این اے 75ڈسکہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ پہلے بھی مجھ پر الزامات لگاتے رہے ہیں ان کوا یسا نہیں کرنا چاہئے، پریزائیڈنگ افسران کو ہم نے نہیں لگایا ہے،

اعلان کرنا اور بات ہوتی ہے، شہباز شریف نے اعلان کیا تھا زرداری کا پیٹ پھاڑ کر پیسہ واپس لوں گا،ضمنی الیکشن جیت کر علاقے میں بھرپور ترقیاتی کام کروائیں گے،پریزائیڈنگ افسران کے معاملہ میں عدالت میں جیوفینسنگ قبول نہیں کی گئی۔ 

علی اسجد ملہی کا کہنا تھا کہ عدالت میں جتنے جھوٹ الیکشن کمیشن کے وکیل نے بولے تاریخ میں کسی نے نہیں بولے ہوں گے، ان کے وکیل نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کی رپورٹ ہے کہ حالات خراب ہیں الیکشن بعد میں ہونے چاہئیں جس کی وزارت داخلہ نے تردید کردی، تحریک انصاف ایک بار پھر ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرلے گی۔

تازہ ترین