لاہور(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن ) کے رہنما ممبر قومی اسمبلی جاوید لطیف نے کہاہے کہ 73 سالوں سے غداری کے ٹائٹل لوگوں پر لگائے جاتے ہیں، ایٹمی صلاحیت کے باوجود کہا جارہا ہے کہ اندرونی حالات درست نہیں، جو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹتے ہیں ان کو سوچنا چاہیے، میں اپنے موقف پر قائم ہوں، اگر غلط ہوتا تو بیان واپس لیتا ۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ عوامی نمائندے ہونا کا حق اس وقت تک ادا نہیں ہوتا جب تک حقائق بیان نہ کیے جائیں، بینظیر بھٹو نے کہا تھا ان کی زندگی کو خطرہ ہے لیکن ریاست نے کچھ نہیں کیا، صرف پاکستان زندہ باد کہنے سے کچھ نہیں ہوگا غلطیوں کی نشاندہی کرنی چاہیے، آپ غداری کے ٹائٹل دیتے ہیں اور عوام زندہ باد کہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسے حالات میں پھانسی بھی چڑھ جاں تو افسوس نہیں،لیگی رہنما نے کہا کہ آئینی اور قانونی اداروں پر اعتماد ہے اس لیے درخواست واپس لی۔