• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈسکہ: این اے 75 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ


این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کا دنگل جاری ہے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسراین اے 75سیالکوٹ  نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکو خط میں ہدایات جاری کی ہے کہ حلقے میں ایم این ایز ،ایم پی ایز کو داخل ہونے سے روکا جائے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ علی زاہد، ارمغان سبحانی، ذیشان رفیق،حلقے کے دورے کا ارادہ رکھتےہیں، نوید اشرف باریار، راناستار حلقے کے دورے کا ارادہ رکھتےہیں۔بلال فاروق تارڑ، ملک صہیب احمد، بلال اکبر  بھی حلقے کے دورے کا ارادہ رکھتے ہیں، ایم این ایز، ایم پی ایز  کوحلقےکی حدود سےباہر رکھاجائے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کےمطابق کوئی ممبراسمبلی حلقے کا دورہ نہیں کر سکتا۔

گھروں سےنکلنےاور ووٹ ڈالنے کیلئے مساجد سےاعلانات

مختلف علاقوں میں مساجد سےاعلانات کیے جارہے ہیں جن میں  لوگوں کوگھروں سےنکلنےاور ووٹ ڈالنے کیلئے کہا جارہا ہے۔

عثمان ڈار کے دورے کے دوران پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنان آمنےسامنے

پوسٹ گریجویٹ کالج پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی رہنماعثمان ڈار کے دورے کے دوران پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنان آمنےسامنے آگئے۔

کارکنوں نےایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے، پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ رانا ثناءاللہ اور ان کے ساتھیوں کے آج ڈسکہ میں داخلے پر پابندی ہے، اس لئے نہ تو آج گولی چلے گی اور نہ ہی خون بہے گا۔

حلقے میں صورتحال سے نمٹنے کیلیے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔

پولیس اہلکار پر خاتون ووٹر سے زبردستی بلّے پر مہر لگوانے کا الزام 

سیالکوٹ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ میں بکھرےوالی پولنگ اسٹیشن پر لیگی کارکن  نے پولیس اہلکار پر خاتون ووٹر سے زبردستی بلے پر مہر لگانے کا الزام لگا دیا جس کے بعد اطلاع ملنے پر عطا تارڑ پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

ن لیگی رہنما عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ خواتین کےپولنگ اسٹیشن پر مرد پولیس اہلکار ڈیوٹی کیوں دے رہےہیں، ڈی پی او اور الیکشن کمیشن کو شکایت درج کروائی ہے۔

پریزائیڈنگ آفیسرز ایسی کوئی حرکت نہ کریں جس سے الیکشن متنازع ہو، نوشین افتخار

مسلم لیگ ن کی امیدوار نوشین افتخار نے اس موقع پر جیو نیوز سے بات چیت میں کہا کہ ڈسکہ مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے، پیپلزپارٹی کے کچھ لوگ سپورٹ کررہےہیں لیکن اس سےکچھ خاص فرق نہیں پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پریزائیڈنگ آفیسرز سے درخواست ہے وہ اپناکام ذمہ داری اوردھیان سے کریں، پریزائیڈنگ آفیسرز ایسی کوئی حرکت نہ کریں جس سے الیکشن متنازع ہو، ایسانہ ہوکہ ہمیں دوبارہ الیکشن کمیشن یا سپریم کورٹ جانا پڑے۔

حالات خراب ہوئے تو مسلم لیگ ن کی وجہ سے ہوں گے، اسجد ملہی

تحریک انصاف کے امیدوار اسجد ملہی نے اس موقع پر جیونیوز سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ ن کے ایم پی ایز اور ایم این ایز حلقےمیں گھوم رہے ہیں، الیکشن کمیشن اور پولیس کو نوٹس لینے کا کہا ہے، حالات خراب ہوئے تو مسلم لیگ ن کی وجہ سے ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کی صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر سے نگرانی

سیالکوٹ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جس کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر سے نگرانی کر رہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے سیکریٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر اختر نذیر کو فوری سیالکوٹ پہنچنے کی ہدایت کر دی جس پر ڈاکٹر اختر نذیر سیالکوٹ روانہ ہو گئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن ڈسکہ ضمنی الیکشن سے متعلق تمام انتظامات کا جائزہ لیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے ڈسکہ ضمنی الیکشن سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت بھی کی۔

ڈسکہ ضمنی الیکشن کی مانیٹرنگ کیلئے ڈسکہ میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بنایا گیا ہے، الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اور صوبائی الیکشن کمیشن میں بھی شکایات سیل بنائے گئے ہیں۔

ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

معذور نوجوان نے بھی ووٹ کاسٹ کرلیا

این اے 75ڈسکہ کے 360 پولنگ اسٹیشنز پر خوب گہما گہمی نظر آ رہی ہے، لوگ بڑھ چڑھ کر حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، کہیں بزرگ شہری ووٹ ڈالنے کے لیے سہارا لے کر پہنچ رہے ہیں تو کہیں معذوری کو بھی خاطر میں نہیں لایا جا رہا۔

وہیل چیئر اور بیساکھی کی مدد سے بھی ووٹرز اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ووٹ بہت قیمتی ہے اور ڈسکہ کے بڑے دنگل میں ہر ووٹر کو بھرپور حصہ لینا چاہیئے۔

ایسے میں سیالکوٹ کے حلقہ این اے 75 میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں معذور نوجوان نے بھی ووٹ کاسٹ کر لیا۔

گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں ووٹ کاسٹ کرنے والا علی حسن نامی نوجوان دونوں ٹانگوں سے معذور ہے۔

اس موقع پر علی حسن کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی حسن صبح سے تنگ کر رہا تھا کہ ووٹ ڈالنےجانا ہے۔

واضح رہے کہ حلقے این اے 75 ڈسکہ میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار ہے، جبکہ کل 360 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 47 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دے کر اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

14 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دے کر بی کیٹیگری میں جبکہ 137 پولنگ اسٹیشنز سی کیٹیگری میں شامل ہیں۔

اے کیٹیگری کے 47 پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔

پورے حلقے میں سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار 162 پولیس اہلکار اور رینجرز کے 1 ہزار 48 جوان تعینات ہوں گے جبکہ پاک فوج کی 10 ٹیمیں کوئیک رسپانس فورس کے طور پر موجود رہیں گی۔

ضمنی الیکشن کے باعث سیالکوٹ میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، اس موقع پر لائسنس یافتہ یا بغیر لائسنس کے اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں ہو گی۔

عام انتخابات 2018ء میں نون لیگ کے افتخار الحسن عرف ظاہر شاہ حلقے سے کامیاب ہوئے تھے،جن کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔

پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی نے ان عام انتخابات میں 61 ہزار 727 ووٹ لیے تھے۔


ضمنی انتخاب میں نون لیگ نے افتخار الحسن کی صاحبزادی نوشین افتخار کو ٹکٹ دیا، جبکہ پی ٹی آئی نے اپنے امیدوار علی اسجد ملہی کو برقرار رکھا۔

رواں سال 19 فروری کو 20 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج متنازع ہونے پر الیکشن کمیشن نے رزلٹ روک لیا تھا۔

الیکشن کمیشن نےآج (10اپریل کو) پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔

پی ٹی آئی امیدوار اسجد ملہی نے سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی، تاہم سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

تازہ ترین