• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارورڈ بلاک بننے کی بات میں کوئی حقیقت نہیں: نذیر چوہان

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و ایم پی اے نذیر چوہان کا کہنا ہے کہ فارورڈ بلاک بننے کی بات میں کوئی حقیقت نہیں، عمران خان ہمارے قائد ہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و ایم پی اے نذیر چوہان آج جہانگیر ترین اور دیگر کے ہمراہ لاہور کی سیشن عدالت پہنچے۔

اس موقع پر بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسانہ سمجھا جائے کہ ہم کسی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، ہمارا جینا مرنا عمران خان! آپ کے ساتھ ہے۔

نذیر چوہان کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان ہم سب کو جلد بلائیں، ہم اپنا مؤقف سامنے رکھیں گے، فیصلہ آپ کو ہی کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان ہمارا مؤقف سن کرفیصلہ کریں کہ کون جماعت میں دراڑیں ڈال رہا ہے، وزیرِاعظم ہمیں وقت دیں، ہم آپ کے پاس آنا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے ایم پی اے نے وزیرِ اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ عمران خان! ہم آپ سے نہ کہیں تو کس سے کہیں، آپ نے ہی حق کی بات کرنا سکھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب! آپ کے دائیں بائیں بیٹھے لوگ آپ کو چھوڑ کر بھاگ جائیں گے، آپ نے ہی کہا تھا کہ حق کی بات پر ضرور کھڑے رہو۔


نذیر چوہان نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان آپ ہمیں بلائیں، ہمارے گلے شکوے آپ کو ہی سننے ہیں، ہمیں غیر نہ سمجھا جائے، یہ نہ سمجھا جائے کہ ہم کسی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان! آپ کے دائیں بائیں بیٹھے چند لوگ آپ کے خلاف پلاننگ کر رہے ہیں۔

نذیر چوہان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ لوگ ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے، ہم آپ کے ساتھ ہی رہ جائیں گے، شہزاد اکبر کے پاس کیا ہے؟ اس کی تعلیمی قابلیت کیا ہے؟

تازہ ترین