کراچی، اسلام آباد( وقائع نگار، نیوز ایجنسیاں)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم وفاق اور صوبوں کے درمیان میثاق ہے،یومِ دستور پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئےانہوں نے کہا کہ 10اپریل 1973 کو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ دستور دیا، 10اپریل کے دن پارلیمنٹ نے متفقہ دستور پاس کیا تھا،1973 کا آئین وفاق اور اکائیوں میں مضبوط بندھن ہے،یوم دستور پر اپنے پیغام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ 1973کا متفقہ آئین ہمارے قومی اتحاد و یکجہتی کی ضمانت ہے، دستور پر من و عن عملدرآمد ملک کے روشن مستقبل کی جانب بڑھنے کا واحد راستہ ہے، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا یوم دستور ملک کی سیاسی جمہوری تاریخ کا یادگار دن ہے،آئین بھٹو شہید کی فہم و فراست تدبر اور بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے ، قائد اعظم اور قائد عوام کا پاکستان اور جمہوریت لازم ملزوم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آئین مذہبی آزادیوں کی ضمانت دیتا ہے،انسانی آزادی اور اظہارِ رائے کے حق کی آزادی دیتا ہے،آمروں نے اپنے غیراخلاقی اقتدار کو طول دینے کے لیے آئین کو مسخ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے آئین بحالی کے لیے اپنی زندگی قربان کی،آج 18ویں آئینی ترمیم کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔