پشاور(سٹی رپورٹر) رکن صوبائی اسمبلی سلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب اور زلزلہ متاثرین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ اپنا رہی ہے اگر حکومت نے متاثرین کو امداد نہ دی تو پھر مجبوراً وہ پڑوسی ممالک سے امداد کی درخواست کرینگےگزشتہ روز پشاور پریس کلب میں کے ایم پی اے سلیم خان اور سینیٹر روبینہ خالد نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں اور زلز لےسے چترال میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جس سے لوگوں کی بڑی تعداد بے گھر ہو چکی ہے، وزیر اعظم نواز شریف نے متاثرین چترال کیلئے امداد کا اعلان کیا تھا لیکن تاحال اس اعلان کو عملی جا مہ نہیں پہنایا جاسکا جبکہ متاثرین افغانستان ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 450 متاثرہ خاندان چترال میں میرکئی کےمقام پر موجود ہیں جو تین ماہ سے افغانستان ہجرت کیلئےانتظار میں ہیں تاہم انتظامیہ انہیں اجازت نہیں دے رہی ۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کا مسئلہ صوبائی اسمبلی کے فلور پر بھی اٹھایا ہے مگر تاحال شنوائی نہیں ہوئی ،ایف ڈی ایم اے انتظامیہ نے صرف ایک مرتبہ چترال کا چکر لگایا تھا اور پھر متاثرین کو خدا کے سہارے پر چھوڑ دیا ہے۔