• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسائل کا حل لنگر خانے، کچن ٹرک نہیں، نئے کارخانے ہیں، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مسائل کا حل لنگر خانے ، ٹرک کچن نہیں ،نئے کارخانے اور روز گار ہے، مہنگائی خوف ناک شکل اختیار کر چکی ،عام آدمی بری طرح پس کررہ گیا ، قومیں غلامی سے نہیں خودکار نظام سے آگے بڑھتی ہیں ۔ آئی ایم ایف کے ایجنڈے میں ملک کو معاشی طور پر مزید کمزور کرنا پہلا ہدف ہے۔ حکمران موبائل ٹرک کچن کا جال پھیلانے کی آڑ میں قوم پر غلامی کا جال ڈال رہے ہیں۔ ملک میں مسائل کا حل لنگر خانے اور موبائل ٹرک کچن نہیں بلکہ نئے کارخانے اور روز گار ہے ۔ ملک میں مہنگائی خوف ناک شکل اختیار کر چکی ہے ،ماہ رمضان سے پہلے ہی اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔دکاندار من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں۔ حکومت کے یوٹرنزسے ہر طبقہ پریشان ہے۔ لوگوں کے کاروبار ختم ہوکر رہ گئے ہیں ،عام آدمی بری طرح پس کررہ گیا ہے ۔مزدوروں ،محنت کشوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے ،ہر طرف ایک مایوسی ،خوف اور ناامیدی کی کیفیت ہے لیکن حکمران اس ساری صورتحال پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔کورونا کی وجہ سے بے روز گار ہونے والے لاکھوں دیہاڑی دار مزدوروں اور عام آدمی کیلئے افطاری اور سحری کا انتظام کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔اگر صورتحال پر فوری قابو نہ پایا گیا تو ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز لوگوں کے منہ کا نوالہ بھی چھین لیں گے۔لگتا ہے حکومت مکمل طور پر بے بس ہوچکی ہے۔

تازہ ترین