برلن (سیداقبال حیدر/اے پی پی) پاکستان اور جرمنی نے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ ہم تمام شعبہ جات میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔وزیر خارجہ نے گزشتہ روز برلن میں وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد جرمن ہم منصب ہائیکو ماس کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جرمنی کے ساتھ نئے اقتصادی تعلقات کے خواہاں ہیں، اس کیلئے باقاعدہ فریم ورک موجود ہے۔پاکستان کو جی ایس پی پلس سٹیٹس دلوانے میں جرمنی کی معاونت پر شکر گزار ہیں ،ہم سب اس وقت کورونا عالمی وبائی چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے 15 ملین ویکسین ڈوزز دیے جانے پر جرمن قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف پر معاونت پاکستان کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے ۔جرمن چانسلر مارکل کی قیادت میں جرمنی نے ترقی کے بہت مدارج طے کیے ،جرمن چانسلر کی وزیر اعظم عمران خان کو دورہ ء پاکستان کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے،تاہم بھارت نے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرات سے دو چار کیا۔بھارت کو مذاکرات کیلئے فضا سازگار بنانا ہو گی، ہم نے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ہم معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لا کر اقتصادی تعاون کو بڑھانے کی پالیسی پر کاربند ہیں۔آج مذاکرات میں ہم نے توانائی، ٹیکنالوجی کے تبادلے سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی ،ہمیں اعتماد ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات میں قریبی تعاون کا ایک نیا باب کھلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام شعبہ جات میں کثیرالجہتی تعلقات کے فروغ کے عزم پر کاربند ہیں۔