سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری 10 روز میں کورونا سے صحتیاب ہوگئیں۔
بختاور بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ الحمد للہ 10 روز کا قرنطینہ اختیار کرنے اور آرام کرنے کے بعد اب میرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے اگرچہ ابھی تک کوئی بو محسوس نہیں ہورہی۔
انہوں نے لکھا کہ آپ کے پیغامات اور دعاؤں کے لیے آپ سب کا شکریہ۔
بختاور نے تمام لوگوں سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ کورونا کی ایس او پیز پر عمل کریں، اجتماعات، افطار پارٹیوں سے پرہیز کریں اور گھر میں روزہ افطار کرکے اپنے گھر والوں کا اس رمضان اضافی خیال رکھیں۔
واضح رہے کہ بختاور بھٹو نے 7 اپریل کو جاری اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ 2 اپریل کو ان کی کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی تھی جس کے بعد سے وہ قرنطینہ اختیار کیے ہوئے ہیں اور صحتیابی کی جانب گامزن ہیں۔
یاد رہے کہ بختاور بھٹو کی منگنی پر بھائی بلاول بھٹو بھی کورونا میں مبتلا تھے جس کے باعث منگنی کی تقریب میں انہوں نے ورچوئل شرکت کی تھی۔
بختاور بھٹو زرداری رواں برس ماہِ جنوری میں رشتہ ازدواج میں محمود چوہدری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔
بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات 25 جنوری سے ان کی 31 ویں سالگرہ کے موقع پر شروع ہوئی اور تقریبات کا آغاز محفل میلاد سے کیا گیا تھا۔