سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہم نے اتحاد کو مضبوط کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی، کوئی بات نہیں اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج ’شاہ زیب خانزادہ‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے استفسار کیا کہ ن لیگ بتائے کیا ہمارے جانے سے اُن کا کوئی بیک ڈور چینل کھل گیا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ کسی خاص مقصد کی خاطر ن لیگ پی ڈی ایم کو توڑنا چاہتی ہے۔
راجا پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ کو شاید کوئی جلدی تھی، وہ کسی کی ایما پر پی ڈی ایم کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پیپلز پارٹی اور اے این پی کے خلاف بیانیہ بناکر اپوزیشن اتحاد کو کمزور کیا جارہا ہے۔
سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اتحاد میں شوکاز نوٹس نہیں ہوتے، ہم نے واضح کردیا تھا کہ استعفے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے پوچھنا چاہیے کہ ہمیں اتحاد سے الگ کرکے کیا اُن کے لیے کوئی چینل کھل گیا ہے؟ انہیں کیا فائدہ ملے گا اس کا جواب ن لیگ ہی دے سکتی ہے۔
راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ہمیں سینیٹ میں عدد برتری حاصل تھی، بطور صدر پی ڈی ایم فضل الرحمان کو اپنا وزن کسی ایک طرف نہیں کرنا چاہیے۔