اسلام آباد(نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نے امن امان کی صورحال کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دی ، لاہور، راولپنڈی،ملتان، گجرات، بہاولپور، منڈی بہائوالدین، جہلم اور بہاولنگر میں نیم فوجی دستے طلب ، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مذہبی جماعت کے احتجاج سے پیداصورتحال اور وزیر داخلہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وزیرداخلہ شیخ رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں کسی کی رہائی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
علی زیدی نے بتایا کہ اجلاس میں سیکورٹی اداروں کے حکام نے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی، وزیراعظم امن و امان کی ساری صورتحال سے واقف ہیں، نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں شرپسند عناصر کو ملکی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
معاہدے کے مطابق تحریک لبیک کے مطالبات پارلیمنٹ میں پیش کریں گے، حکومت تحریک لبیک کے ساتھ مسلسل مذاکرات کر رہی تھی لیکن ان کی قیادت ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف مارچ کی تیاری جاری رکھے ہوئے تھی، تحریک لبیک کے متوقع مارچ میں شرپسند عناصر کے فائدہ اٹھانے کی اطلاعات تھیں ۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹے اہم ہیں، امید ہے حالات بہتر ہو جائیں گے۔دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت امن و امان کے حوالہ سے ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور راستے کھلوانے کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔
احتجاج کے دوران ملک کی تمام بڑی شاہراہیں بند کرنے کے معاملہ پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر ڈاکٹر نورالحق قادری، چیف کمشنر اسلام آباد عامر احمد علی اور آئی جی اسلام آباد پولیس قاضی جمیل الرحمان نے شرکت کی۔ جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس نے ویڈیو لنک کے زریعہ اجلاس میں شرکت کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن ، جن لوگوں نے قانون کو توڑا ہے اور املاک کو نقصان پہنچایا ہے ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بند راستے کھلوانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو پورا مینڈیٹ دیا ہے۔
اجلاس میں کہا گیا ہے کہ جہاں ، جہاں حالات خراب ہیں وہاں 24گھنٹے کے لئے موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کی جاسکتی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ کسی بلیک میلنگ میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔
سرکاری املاک اور شہریوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر چلنے والی فوٹیج کو محفوظ کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے اور جو کوئی قانون کو ہاتھ میں لے اس کے ساتھ سکتی سے نمٹا جائے۔