سکھر (بیورورپورٹ ) دریائے سندھ پر سکھر روہڑی کے درمیان پل کی تعمیر کا معاملہ ، سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں حکومت کی جانب سے فزیبلٹی رپورٹ پیش نہ کہ جاسکی، عدالت عالیہ نے مزید ایک ماہ کی مہلت دیدی۔ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں دریائے سندھ پر سکھر اور روہڑی کے جڑواں شہروں کے درمیان لینسڈاؤن پل کے متبادل پل کی تعمیر کے حوالے سے رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت عالیہ نے سماعت کے آغاز پر متعلقہ حکام سے نئے پل کیلئے پی سی ون طلب کی تو حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پی سی ون تیار نہیں کی جاسکی ہے، پی سی ون پیش کرنے کےلیے ایک ماہ کی مہلت دی جائے، جس پر عدالت عالیہ نے حکومت کو پی سی ون کی تیاری کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ایک ماہ تک کے لیے ملتوی کردی۔