ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں اضافے سے متعلق وفاقی وزیر اسد عمر کے بیان پر سوشل میڈیا پر نون لیگی رہنما محمد زبیر کے درمیان دلچسپ بحث چھڑ گئی۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں گاڑیوں کی فروخت میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے، گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ رواں مالی سال کے9 ماہ میں ہوا۔
اسد عمر نے کہا کہ نجی شعبے کے کریڈٹ میں 34 فیصد اضافہ ہوا، جولائی سے فروری تک لارج اسکیل مینوفیکچرنگ 7 اعشاریہ 5 فیصد بڑھی، کرنٹ اکاؤنٹ اضافے کے ساتھ بڑے پیمانے پر نمو میں اضافہ نظر آیا۔
اس کے بعد وفاقی وزیر کو نون لیگ کے رہنما محمد زبیر نے سوشل میڈیا پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ شرح نمو میں اضافہ 4 سے5 فیصد ہونا چاہیے تھا، لیکن محض 1اعشاریہ 5 فیصد ہوا، شرح نمو کا یہ اضافہ ہماری تاریخ اور خطے میں سب سے کم ہے۔
رہنما مسلم لیگ نون محمد زبیر نے کہا کہ یہ معیشت کی سادہ سی بات ہے، افراط زر بڑھ چکا ہے، بیروزگاری ہے، غربت ہے، سال 2018 ء میں معیشت 5اعشاریہ 8 کی رفتار سے بڑھ رہی تھی، برا حال کر دیا ہے۔