• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحمت اللعالمینﷺ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز

 حکومت نے کم آمدنی والےگھرانوں کےطلبہ کیلئے رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کردیا۔

وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکالر شپ تمام پاکستانی طلبہ کے لیے ہے، اسکالر شپ میرٹ پر دی جائیں گی، پاکستان میں کبھی اس سطح کی اسکالر شپ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پانچ ارب روپے مالیت سے ستر ہزار اسکالر شپ دیں گے، پنجاب اور خیبرپختونخوا سالانہ پندرہ ہزار اسکالر شپ دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر قومیں ترقی نہیں کرسکتیں، طاقت ور کو قانون کے نیچے نہ لانے والی قوم کبھی طاقت ور نہیں بن سکتی، کرپٹ آدمی پیسہ باہر لے جاکر بھی ملک کو نقصان پہنچاتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ طاقت ور لوگ اپنا پیسہ باہر لے جاتے ہیں،غریب جیل جاتا ہے، ریاست عام آدمی کی ضرورت پوری نہیں کرتی ،فلاحی ریاست نہیں بن سکتی۔

عمران خان نے کہا کہ کمزور آدمی جتنی بھی چوری کرلے لندن میں فلیٹ نہیں لے سکتا، طاقت اور بڑے ڈاکوکی چوری اربوں میں ہوتی ہے ، طاقت ور اور بڑے ڈاکو کوپیسہ ملک سے باہرلےجانا پڑتا ہےکیونکہ ملک میں نظر آجاتاہے، منی لانڈرنگ کرنسی پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال غریب ملکوں سےایک ہزار ارب ڈالر ٹیکس ہیونز اور امیر ملکوں میں جاتاہے، غریب ملکوں سے پیسہ امیر لوگ ملک سے باہر لے کر جاتے ہیں غریب نہیں ، جیلوں میں موجودبےچارےلوگ پیسہ باہرنہیں بھیج رہےطاقتور بھیج رہےہیں۔

ملک میں نظام تعلیم میں اصلاحات کی جامع پالیسی کے ضمن میں حکومت نے رحمت اللعالمین ﷺ اسکالرشپ پروگرام کے تحت ملک بھر میں کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لئے متعدد اسکالرشپ پروگراموں کا آغاز کردیا۔

رحمت اللعالمین ﷺ اسکالرشپ پروگرام ایک قومی پروگرام ہے جس کا ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعہ وفاقی سطح پر کم آمدنی والے گھرانوں کے طلبہ کو انڈرگریجویٹ تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کے لئے آغاز کیا جارہا ہے۔

اس پروگرام کے لئے 27.93 بلین روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی ہے ، جو اگلے 5 سالوں میں استعمال ہوگا۔ اس پروگرام کو ملک بھر کی 129 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں نافذ کیا جائے گا۔

قومی سطح پر رحمت اللعالمین ﷺ اسکالرشپ پروگرام کے علاوہ ، صوبے بھی صوبائی سطح پر رحمت اللعالمین ﷺ اسکالرشپ پروگراموں پر عمل پیرا ہیں۔

پنجاب میں اس پروگرام کے لئے منظور شدہ کل بجٹ سالانہ 1.0 ارب روپے ہے۔ رحمت اللعالمین ﷺ اسکالرشپ پروگرام صوبہ خیبرپختونخوا میں بھی پیش کیا گیا۔

خیبر پختونخوا کے لئے کل بجٹ 427 ملین روپے ہے۔ اس میں موجودہ اسکالرشپ پروگراموں کو شامل کیا  گیا جن پر پہلے سے عمل درآمد ہو رہا ہے۔

تازہ ترین