دی نیوز سے وابستہ سینئر رپورٹر اور صحافی، کراچی پریس کلب اور کراچی یونین آف جرنلسٹس کے رکن فصاحت محی الدین 65 برس کی عمر میں جمعہ کی شام انتقال فرما گئے۔
فصاحت محی الدین گزشتہ ہفتے فالج کا شکار ہوگئے تھے اور علالت کے باعث اپنے گھر پر زیرعلاج تھے۔ وہ 40 برس سے شعبہ صحافت سے وابستہ تھے۔
انہوں نے کئی انگریزی اخبارات میں کام کیا۔ انہوں نے سیاسی، عدالتی، بلدیات سمیت کئی شعبوں میں رپورٹنگ کی۔ وہ اردو سے انگریزی ترجمہ میں انتہائی مہارت رکھتے تھے۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔
فصاحت محی الدین کے انتقال پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری رضوان بھٹی نے دلی افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے۔
سینئر صحافیوں اور فصاحت محی الدین کے ساتھیوں ضرار خان، زیب اذکار حسین، اسد ابن حسن، فاروق معین، دی نیوز کے ایڈیٹر طلعت اسلم، سٹی ایڈیٹر محمد عمر، محمد وقار بھٹی، جمال خورشید، محمد عظیم سمیت ان کے دیگر رفقائے کار اور کراچی پریس کلب کے ممبران نے فصاحت محی الدین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے لئے صبر اور ان کی مغفرت کی دعا کی ہے۔