• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صدر اور جاپانی وزیراعظم کی ملاقات، چین کیخلاف اتحاد کا مظاہرہ

واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکی صدر جو بائیڈن اور جاپانی وزیراعظم یوشی ہیڈے سُوگا نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران عالمی سطح پر چین کے بڑھتے اثر و رسوخ کے خلاف تعاون پر اتفاق کیا ہے۔جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیدے سوگا نے جمعہ کے روز وائٹ ہاوس میں امریکہ کے صدر جو بائیڈن سے ملاقات میں جمہورت کو عالمی خوشحالی کی بنیاد قرار دیا۔ یہ ملاقات صدر بائیڈن کی وائٹ ہاوس پہنچنے کے بعد کسی غیر ملکی رہنما کے ساتھ پہلی براہ راست ملاقات تھی۔دونوں رہنماوں نے ملاقات کے دوران ماسک پہن رکھے تھے۔سوگا نے کاملا ہیرس سے ملاقات سے قبل رپورٹروں سے بات کرتے ہوئے امریکی شہر انڈیاناپلس کی ایک کورئیر کمپنی کے دفتر میں فائرنگ سے ہونے والی ہلاکتوں کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔جاپان کے وزیر اعظم اس سے قبل جمعہ کی صبح جنگ میں ہلاک ہونے امریکی فوجیوں کے قبرستان آرلنگٹن نیشنل سمٹری میں پھولوں کی چادر چڑھانے کی ایک تقریب میں بھی شریک ہوئے۔ بائیڈن نے بیجنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکی کوششوں میں جاپان کے مرکزی کردار پر زور دیا۔جو بائیڈن نے مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران اس ملاقات کو ’نتیجہ خیز‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سوگا اور انہوں نے واشنگٹن ٹوکیو اتحاد اور مشترکہ سلامتی کے لیے تعاون پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے ایجنڈے میں چین سرفہرست رہا۔ دونوں رہنماؤں نے جیوپولیٹیکل امور کے ساتھ ساتھ بالخصوص آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر بائیڈن کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی بھی غیر ملکی رہنما کے ساتھ یہ پہلی دو بدو ملاقات تھی۔

تازہ ترین