• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میوزک انڈسٹری کے نوجوان گلوکار عاصم اظہر کی جانب سے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کے حالیہ بیان پر ردعمل سامنے آگیا ہے۔

عاصم اظہر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’ابھی بھی وقت ہے، بچوں پر ترس کھالیں۔‘

گلوکار نے سوالیہ انداز میں شفقت محمود سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’اگر طلباء کمرۂ امتحان سے اپنے گھر کورونا وائرس لیکر گئے تو اُس کا ذمہ دار کون ہوگا؟‘

عاصم اظہر کے ان ٹوئٹس پر طلباء کی بڑی تعداد گلوکار کی حمایت کرتی ہوئی نظر آرہی ہے، طلباء کا کہنا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے بند کرکے امتحانات آن لائن لینے چاہئیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ  اے لیول، او لیول، اے ایس، آئی جی سی ایس ای کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے جبکہ نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات نئی تاریخوں کے تحت ہوں گے، امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان متعلقہ بورڈ کریں گے۔

شفقت محمود نے کہا تھا کہ امتحانات کا نیا شیڈول مدِنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹیز میں داخلے کیئے جائیں گے، متاثرہ اضلاع کی یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیرِ تعلیم نے کہا تھا کہ 8 فیصد سے کم کیسز والے اضلاع میں یونیورسٹیاں کھول دی جائیں گی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر حکومت نے ملک بھر میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکول عید الفطر تک بند رہیں گے۔

تازہ ترین