• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اومیگا تھری فیٹی ایسڈ صحت بخش چکنائی ہے، جو انسانی صحت کے لیے بہت مفید ہے، جب کہ یہ اینٹی آکسیڈنٹ بھی ہے۔ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ پیغامات ترسیل کرنے والا مالیکیول تخلیق کرتی ہے، جسے طبّی اصطلاح میں Eicosanoids کہا جاتا ہے۔ اس مالیکیول کی کمی کے نتیجے میں تنفّس، خون، اینڈوکرائن غدود اور قوتِ مدافعت کے نظام میں گڑبڑ واقع ہوسکتی ہے۔یہ چکنائی امراضِ قلب، ڈیپریشن، الزائمر اور آرتھرائٹس جیسے امراض سے تحفّظ فراہم کرتی ہے۔ 

نیز، خون کی شریانوں کا ورم دُور کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ دماغی افعال کی کارکردگی میں بھی بہتری لاتی ہے۔ جرنل آف میمری گلینڈ بائیولوجی اینڈ نیوپلیسیا((Journal of Mammary Gland Biology and Neoplasia)میں شایع کی جانے والی ایک نئی تحقیق کے مطابق سمندری غذائیں خاص طور پر سامن مچھلی(جس میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہے)بریسٹ کینسر سے تحفّط فراہم کرتی ہے۔

جسم میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کی کمی کے سبب جو علامات ظاہر ہوتی ہیں، اُن میں بُلند فشارِخون، کولیسٹرول کی مقدار میں اضافہ، ایگزیما، سورائسسز، بار بار پیشاب آنا، جسم میں درد، بار بار پیاس لگنا، یادداشت کی کم زوری، ارتکازِتوجہ میں دشواری، ڈیپریشن یا اضطراب، موڈ تیزی سے بدلنا، جِلد اور سَر کی خشکی، ناخن ٹوٹنا، بال گرنا، گنج پن، بینائی کی کم زوری، آنکھیں خشک رہنا، کان میں زیادہ میل بننا، پورے جسم میں متوازن مقدار میں خون فراہم نہ ہونا، خون جمنا یا لوتھڑے بننا، ہڈیوں کا بُھربُھراپَن اور جوڑوں میں درد وغیرہ شامل ہیں۔

اگر کسی فرد میں ان علامات میں سے کوئی تین موجود ہوں، تو ادویہ استعمال کرنے سے قبل اپنے غذائی شیڈول کا جائزہ لیں کہ کہیں روزمرّہ کے کھانوں میں وہ غذائیں تو نظر انداز نہیں کی جارہیں، جن کا استعمال ناگزیر ہے۔ مثلاً زیتون، اخروٹ اور السی کا تیل، سفید و سُرخ سویا بین، سبز پتّوں والی سبزیاں، خاص طور پر پھول گوبھی، مچھلی، اسپغول، السی کے بیج اور خشک میوہ جات وغیرہ۔ 

اگر ایسا ہے، تو پھر اپنا غذائی شیڈول دوبارہ ترتیب دیں، تاکہ نہ صرف اومیگا تھری کی کمی دُور کی جاسکے، بلکہ بلاضرورت علاج پرخرچ ہونے والی رقم بھی بچائی جاسکے۔ واضح رہے کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ یومیہ 2ہزار ملی گرام استعمال کیا جانا چاہیے۔ (مضمون نگار، ڈاؤ یونی ورسٹی اور بقائی میڈیکل یونی ورسٹی، کراچی سے بطور اسسٹنٹ پروفیسر وابستہ رہ چُکے ہیں)

تازہ ترین