حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 10فیصد تک پہنچ گئی۔
ایک بیان میں لیاقت شاہوانی نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر پوری دنیا میں خطرناک صورتحال اختیار کرچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کورونا پھیلاؤ کے باعث دفعہ 144 نافذ اور سرکاری دفاتر میں ملازمین کی تعداد کم کردی گئی ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے مزید کہا کہ کیسز میں اضافے کے بعد ہفتہ اور اتوار کو کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہفتے اور اتوار کے روز بہت سی مارکیٹیں بند نہیں ہوئیں جن پر جرمانہ بھی کیا گیا۔
لیاقت شاہوانی نے یہ بھی کہا کہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کے پھیلاؤ کی شرح 10فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے فیصلے کے مطابق اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے ساتھ پرائیویٹ اسکول بھی بند ہوں گے، اگر پرائیویٹ اسکول بند نہیں ہوئے تو کاروائی کی جائےگی۔