کراچی( جنگ نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور اور ملک کے دیگر علاقوں میں ہونے والے تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کے جان و مالک کے تحفظ میں بار بار ناکام ہوئی ،نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیوں نہیں کیا گیا، حکومت چیلنجز پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لائی،حکومت عوام کے جان و مالک کے تحفظ میں بار بار ناکام ہوئی۔بلاول ہاؤس سے جاری بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انسانی خون بہانا اور تشدد پر اکسانا کبھی بھی صورتحال کو بہتر نہیں کر سکتا کیونکہ تاریخ ہمیں یہ بتاتی ہے کہ تشدد مزید تشدد کو جنم دیتا ہے۔ اصل جنگ تو اس خراب ہوتی ہوئی صورتحال کی وجوہات کے خلاف جنگ ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس سلیکٹڈ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا اور پیدا ہونے والے ان چیلنجزکو پارلیمنٹ میں کیوں زیر بحث نہیں لایا گیا؟پی پی چیئرمین نے ضیاء دور میں ان گروپوں کی سرپرستی کی طرف اشارہ کیا جو نسلی، مذہبی اور فرقہ واریت کی نفرتیں پھیلا کر قومی دھارے کی سیاسی پارٹیوں کو کمزور کرنے کے مقصد کے لئے بنائی گئیں۔