• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارتھ ڈے کے موقع پر معروف سوشل اینڈ میسجنگ موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے اس دن کی آگاہی کے لیے نئے اسٹیکرز متعارف کروائے گئے ہیں۔

اس حوالے سے واٹس ایپ نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی ویڈیو جاری کی ہے جس میں ارتھ ڈے کے موقع پر متعارف کروائے گئے نئے آگاہی اسٹیکرز کو دِکھایا گیا ہے۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے واٹس ایپ عہدیداروں کی جانب سے کہا گیا کہ ’ہم نے ایک اسٹیکر پیک تیار کیا ہے جو ہمارے سیارے کی حفاظت اور ترقی کے لیے  اہم اقدامات کر سکتے ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’آئیے اس پر غور کرتے ہیں کہ ہمارے الفاظ اور مکالمات ہمارے لیے، ہمارے پڑوسیوں اور سب کے لیے کس طرح پائیدار مستقبل پیدا کرسکتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ 22 اپریل کو دنیا بھر میں اَرتھ ڈے (Earth Day) منایا جائے گا۔ اس دن کو منانے کا مقصد عالمی سطح پر یہ شعور اُجاگر کرنا ہے کہ زمین پر زندگی اور استحکام کے لیے بہتر ماحولیاتی نظام بے حدضروری ہے۔ 

اس دن دنیا بھر کے ممالک میں مختلف طریقوں سے زمین سے محبت کا اظہار کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں تقاریب، سیمینارز، لیکچرز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، جن میں شرکاء سے ماحول کو صاف رکھنے، فضائی آلودگی پھیلانے سےگریز کرنے اور شجرکاری کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہیں۔

اس دن زمین کو ماحولیاتی آلودگی سے ہونے والے نقصانات کے پیش نظر درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور تحفظ پر بھی غورکیا جاتا ہے۔

تازہ ترین