اسلام آباد(نمائندہ جنگ)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیرسماعت سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وغیرہ کیخلاف ایل این جی ریفرنس میں گواہ کا بیان منگل کوبھی جاری رہا،سماعت کے دوران شاہد خاقان عباسی وغیرہ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ملزمان کی حاضری لگائی اور استفسار کیاکہ نیب گواہ عبدالرشیدجوکھیو کیاموجودہے جس پر نیب پراسیکیوٹرنے بتایاکہ وہ راستے میں ہیں ابھی پہنچ جائیں گے، جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایاکہ شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹرظفر اللہ خان کو کورونا ہے، آج نئے گواہ کا بیان شروع نہ کیا جائے ، عدالت نے کہاکہ کورونا کی صورتحال پر ہمیں خیال رکھنا ہوگا،شریک ملزم کے وکیل سیف الاسلام سندھو نے کہاکہ ڈسٹرکٹ کورٹس کے20فیصد وکلاء کورونا کا شکار ہیں،عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیدی اور وکلاء سے کہاکہ آپ انتظار نہ کریں۔