کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس میں سابق چیف جسٹس مرحوم سعید الزماں صدیقی کے بیٹے کے گھر پر فائرنگ سے گارڈ زخمی ہوگیا، پولیس محافظ نے جوابی فائر کیا جس پر ملزمان فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس خیابان راحت فیز 6 میں رات ایک بجکر 17 منٹ پر مرحوم سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعید الزماں صدیقی کے بیٹے افنان سعید کے گھر پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے گارڈ زخمی ہوگیا، افنان سعید کے مطابق رات گئے دوست نے گھر چھوڑا ہی تھا کہ ملزمان نے حملہ کیا،معاملہ 2018 والا ہے، والد کی جائیداد ہتھیانے کی کوشش کی جارہی ہے،ہمیں دھمکانے کا معاملہ 2019 سے چل رہا ہے،میرے والد کی وفات کے بعد والد کو اسلام آباد 76 ٹاو ن میں 3.5 ایکٹر کا پلاٹ الاٹ ہوا تھا،2019 میں جب والدہ کے ساتھ پلاٹ پر پہنچا تو عرفان اللہ کنڈی نامی شخص نے ہم پرسیدھی فائرنگ کی،بڑی مشکل سے تھانے پہنچ کر واقعہ کی ایف آئی آر درج کرائی،عرفان اللہ کنڈی اکثر میری والدہ کو کال کر کے دھمکیاں دیتا تھا،ملزم کہتا تھا کہ اسلام آباد اور کراچی والی پراپرٹیز مجھے فروخت کر دو،پراپرٹیز کے جتنے پیسے دوں رکھ لینا ورنہ جان سے ہاتھ دھوبیٹھو گے ،29 مارچ اور 4 اپریل کو بھی مجھے عرفان اللہ کنڈی نے کال کی،کہا والدہ وفات پاگئی ہیں ، پراپرٹیز مجھے دے دو اب اکیلے رہ گئے ہو،پراپرٹیز نہ دینے کی صورت میں جان سے مروا دوں گا،میری رہائش گاہ سے تین ، چار گلیاں پہلے عرفان اللہ کے بھانجے ،بھتیجے رہتے ہیں،عرفان اللہ کنڈی کے بھتیجے، بھانجے اکثر میرے گھر پر فائرنگ کرتے ہیں،دوسری جانب ایس ایس پی ساوتھ زبیر نزیر کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم ایک ہی تھا، افنان سعید کے پولیس گارڈ نے بھی جوابی فائر کیا جس سے ملزم فرار ہوا،افنان سعید نے پولیس کو تحریری بیان میں کہا ہے کہ ملزم عرفان اللہ کنڈی کے بھانجے بھتیجے قریب ہی رہائش پذیر اور اکثر گھر پر فائرنگ کر اتے ہیں انہیں عرفان اللہ کنڈی کی جانب سے جان کا خطرہ ہے، تاہم ملزمان نے دو ہوائی فائر کیے، واقعے کی تحقیقات جاری ہے ۔