وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے نون لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کے این سی او سی سے متعلق بیان پر ردعمل دے دیا۔
اسد عمر نے شاہد خاقان عباسی کے این سی او سی سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی سے بولیں دو ٹکے کی تحقیق کرلیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ویکسین کیلئے اعلان کردہ شیڈول دیا ہوا ہے، اخبار پڑھ لیا کریں تو انہیں بہت کچھ پتہ لگ جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ ہمارا ملک خیرات سے ویکسین لگوا رہا ہے، 23 کروڑ کی آبادی کا ملک خیرات کی ویکسین اپنے عوام کو لگا رہا ہے، حکومت آج تک ویکسین کا ایک ٹیکہ خرید نہیں سکی۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت کی کوئی پالیسی نہیں، عوام مشکل میں ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جہاں عوام اپنے پیسوں سے کورونا وائرس کی ویکسین لگوا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدنصیبی ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس بڑھتا جا رہا ہے، دنیا کورونا وائرس پر قابو پا رہی ہے اور ہمارے ہاں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔