• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب اجلاس، سابق چیئرمین اسٹیل ملز، سابق سیکریٹری سندھ، سابق ایم ڈی پیپکو کیخلاف ریفرنس

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) نیب ایگزیکٹو بورڈ نےنئے ریفرنسز، انکوائریز اور انویسٹی گیشن کی منظوری دیدی،جبکہ نیب راولپنڈی نے سی ڈی اے کے چار اعلیٰ افسران کیخلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کر دیا ،سابق چیئرمین اسٹیل ملز، سابق سیکرٹری سندھ، سندھ ایم ڈی پیپکو کیخلاف ریفرنس منظور کرلیا گیا ، غلام مصطفیٰ پھل، ثاقب سومرو،معین آفتاب ، اسلم عقیلی،ڈاکٹر صدیق کلہوڑو،ممتاز الرحمان ، عبدالوھاب عباسی کیخلاف انکوائری ہوگی،کلینک کیلئے مختص پلاٹ کمرشل میں بدلنے کا الزام،نیب راولپنڈی نے4سی ڈی اے افسران کیخلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کر دیا، نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس گزشتہ روز چئیرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت ہوا، اجلا س میں 4 ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔ غلام مصطفی پھل سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ ا ور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ضلع ملمیر میں سرکاری اراضی الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 12ارب روپے کا نقصان پہنچا ، ثاقب سومرو ا ور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ملزمان نے قومی خزانہ کو1.5 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔ معین آفتاب شیخ سابق چئیرمین پاکستان سٹیل ملز ا ور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاسپلیمنٹری ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ملزمان پر اختیارات کا ناجائز الزام اور بدعنوانی کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو434.468 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ رسول خان محسود سابق منیجنگ ڈائریکٹر پیپکو ا ور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ملزم پر اختیارات کا ناجائزاستعمال کرتے ہوئے قومی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔اجلاس میں 12 انکوائریز کی منظوری دی گئی۔جن میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی،وائس چانسلر مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو، لیبر ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے افسران /اہلکاران اور دیگر،میسرز سکائی رومز لمیٹڈ کمپنی اوردیگر،میسرز لکی سیمنٹ فیکٹری،لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران /اہلکاران اور دیگر،محمد علی ساند سابق چیف کمیشنرانکم ٹیکس حیدر آباد اور دیگر،نور محمد جادمانی چئیرمین سندھ پبلک سروس کمیشن،اعجاز علی خان درانی رکن سندھ پبلک سروس کمیشن اور دیگر،پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو قائم مقام وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی کیمپس بدین اور دیگر،اکرام الحق چیف انجینئر ساؤتھ،پی ڈبلیو ڈی،ظفر اقبال،ڈویژنل اکاؤنٹس آفیسر،سراج نظام،ایکسیئن،پاک پی ڈبلیو ڈی کراچی،غلام مصطفی پھل سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ،گل محمد جاکھرانی،بورڈ آف ریونیو کراچی کے افسران /اہلکاران اور دیگر،ممتاز الرحمان سابق پرنسپل سیکرٹری ٹو سابق گورنر سندھ،آفیسرز/آفیشلز آف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر اورعبدالوھاب عباسی ڈائریکٹر سکولز ایجوکیشن کراچی اور دیگرکے خلاف انکواری کی منظوری شامل ہے۔ ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں 5 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی۔ جن میں سندھ کول اتھارٹی کے افسران /اہلکاران،میسرز پاک اوسسز اور دیگر،سید نصرت شوکت اوردیگر،جبکہ عمران شیخ سپرنٹنڈنٹ انجینئر آر بی او ڈی سرکل حیدر آباد،محکمہ آبپاشی کے افسران /اہلکاران اور دیگرکے خلاف تین(03) انوسٹی گیشنز کی منظوری شامل ہے۔

تازہ ترین