• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی شہریوں کی سیکورٹی یقینی، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کیلئے پرعزم ہیں، شہباز شریف، چینی نائب وزیراعظم سے ملاقات

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف کی باکومیں کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس (کاپ 29)کے موقع پر آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات‘ ٹیکنالوجی‘قابل تجدید توانائی میں مشترکہ منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہارکیا

 شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی کے نئے دور کا آغاز ہو چکاہے‘حکومت پاکستان چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے‘حکومت ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کیلئے پر عزم ہے۔ 

تفصیلات کےمطابق بدھ کو شہباز شریف نے چین کے نائب وزیر اعظم ڈنگ شوئی شیانگ سے آذر بائیجان کے دارالحکومت باکومیں کاپ 29کے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔

اس موقع پرچینی نائب وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ مل کر سکیورٹی چیلنجز کو عبور کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے پاک چین تعاون میں وسعت کی خواہش کا اظہارکیا۔

علاوہ ازیں کاپ 29اجلاس کے موقع پر شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات ہوئی۔

 اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان زہریلی گیسوں کے اخراج میں معمولی حصہ ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا‘وزیراعظم نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی میں مشترکہ منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اہم خبریں سے مزید