کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اگلے ماہ ہونے والے انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر کا انتخاب ای ووٹنگ سے ہوگا جس کی نگرانی ایک برطانوی کمپنی کرے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر اور سکریٹری جنرل آصف باجوہ حق رائے دہی استعمال کریں گے۔انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کے نئے صدر کا انتخاب22مئی کو ہو گا، موجودہ صدر بھارت کے نریندر بٹرا کو بیلجیم کےمارک کاڈرون سے ون ٹو ون مقابلے کا سامنا ہے۔ ورچوئل کانگریس اجلاس میں ایف آئی ایچ کے صدر اور ایگزیکٹو بورڈ کے عام ممبروں کے چار عہدوں کا انتخاب کیا جائے گا، سعودی عرب ،گیمبیا اور تیمور لیستے کی رکنیت کے حوالے سے بھی فیصلہ ہوگا ان ملکوں کو 22 اکتوبر 2020 کو عارضی رکنیت دی گئی تھی۔انڈونیشیا میں قائم نئی قومی تنظیم کو انڈونیشن اولمپک کمیٹی کی جانب سے تسلیم کرنے کے خلاف سخت فیصلہ کا بھی امکان ہے۔