اسلام آباد( اپنے نامہ نگار سے ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نےکہاہےکہ ام المومنین حضرت خدیجۃؓ الکبریٰ نے خاتم النبین حضرت محمدمصطفیٰ ٰؐ کی نصرت وحمایت میں سب کچھ لٹا کر مظلومین کے حقوق اور دین و شریعت کے اہداف کے حصول کاحق اداکردیا ۔ پورا اسلامی معاشرہ حضرت خدیجہؓ کا ممنون احسان ہے ۔کوئٹہ بم دھما کے میں ازلی دشمن ملوث ہے کیونکہ سی پیک نے اسکی نیندیں حرام کررکھی ہیں ۔ استعمارکو پاکستان کاامن واستحکام ایک آنکھ نہیں بھاتا، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں حائل رکاٹیں اور نقائص دور کئے جائیں ، آج کی خواتین سیرت خدیجہؓ کی پیروی میں دین و شریعت کا تحفظ کرکے واضح کرسکتی ہیں کہ کشمیر وفلسطین سمیت دنیا بھرمیں جاری تحاریک آزادی کی کامیابی کیلئے مال ، اولا د سمیت کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیاجائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 10رمضان کو ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کے وصال کی مناسبت سے یوم الحزن کی مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے باورکرایاکہ حضرت خدیجہ دور جاہلیت میں بھی طاہرہ اور سیدہ قریش کے لقب سے جانی جاتی تھیں۔