صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف پر 20 افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانولہ کے مطابق کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 22 دکانیں اور ریسٹورنٹ بھی سیل کیے گئے ہیں۔
ڈی سی گوجرانوالہ کا مزید کہنا تھا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کے نتیجے میں1 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 117 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 95 ہزار 627 ہو چکی ہے۔
دوسری جانب تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 2 لاکھ 88 ہزار 598 ہو گئی، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 7 ہزار 964 ہو چکی ہیں۔