• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایف یو جے کی کوئٹہ میں صحافی عبدالواحد کے قتل کی مذمت، تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار،وقائع نگار) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس نے کوئٹہ صحافی عبدا لواحد رئیسانی کے ناگہانی قتل پر گہرے صدمے اور شدید مذمت کا اظہار کیا اور عبدا لواحد رئیسانی کے اہلخانہ سمیت کوئٹہ کے تمام صحافیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بلوچستان حکومت سے مقتول صحافی واحد رئیسانی کے قتل کی تحقیقات کیلئے فوری طور سے بلوچستان ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور جنرل سیکریٹری ناصر زیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ گہرے دکھ کی بات ہے صحافی گھرانے کے واحد رئیسانی کو کوئٹہ میں نامعلم قاتل مار کر چلے جائیں اور حکومت بلوچستان صرف تحقیقات کی یقین دہانیاں کراتی رہے،ان رہنماؤں نے حکومت کے اس غیر سنجیدہ عمل پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سال ملک بھر میں صرف چار ماہ میں سات سے آٹھ صحافی نا معلوم قاتل کی گولیوں کا نشانہ بن چکے ہیں اور حکومت صرف تحقیقات کی تسلیاں دے کر نا معلوم قاتلوں کے حوصلے بڑھانے کا کام کر رہی ہے،پی ایف یو جے کی قیادت نے صحافی عبدا لواحد رئیسانی کے قتل کے محرکات جاننے کیلئے فوری طور سے جو ڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاق اور صوبے کی حکومت کو متنبہ کیا کہ اب اگر صحافیوں کی زندگیوں کو محفوظ کرنے میں تساہل کیا تو پی ایف یو جے شدید عملی رد عمل کا مظاہرہ کرے گی،جبکہ پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت، سیکرٹری جنرل راجہ ریاض، سینئرنائب صدر شمیم شاہد،نائب صدر طاہر راٹھور،سیکرٹری فنانس ضیاءالحق ودیگر عہدیداروں نےبھی واحد رئیسانی کے قتل کی بھرپور مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔صدر پی ایف یو جے پرویز شوکت نے کہا کہ صحافیوں کیخلاف ایسی کارروائیاں تشویشناک ہیں، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

تازہ ترین