• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی حکومت 5 سال پورے کرے، گرانا 2؍ منٹ کا کام، مریم نواز

لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاسی حکومت پانچ سال پورے کرے، انہیں ہٹانا دو منٹ کا کام ہے لیکن ہم نہیں چاہتے انہیں سیاسی شہید بننے کا موقع ملے ،ہم انکی تین سال کی نا اہلی او رنا لائقی کا بوجھ کیوں اٹھائیں تاکہ ذمہ داری ہمارے اوپر آجائے، تحریک انصاف اسی بوجھ کے ساتھ عام انتخابات میں جائیگی اور ہم اسے فرار کا راستہ نہیں دینگے ، کون نہیں چاہتا کہ اسکی حکومت نہ بنے لیکن ہم وقتی فائدہ نہیں اٹھانا چاہتے اس سے ہمارے بیانیے کی بھی نفی ہو گی ،پاکستان نے جو سفر کرنا تھا کر لیا اب ملک کو آئین و قانون کے مطابق ہی چلایا جائے ، اداروں کو اپنی آئینی کردار تک محدود ہونا چاہیے اور حکومتوں کے بننے او ر گرانے میں ان کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے ،شہباز شریف بھائی سے دھوکہ کرتے تو آج وزیراعظم ہوتے، شہباز شریف کا نوازشریف سے مزاج مختلف ہے لیکن بات وہ نوازشریف کی ہی مانتے ہیں۔ ایک انٹر ویو میں مریم نواز نے کہاکہ شہباز شریف نے پنجاب میں اورنج لائن، میٹرو بسوں ، توانائی اور شاہراہوں کے منصوبے مکمل کئے لیکن ان پر کرپشن کا ایک بھی الزام نہیں لگا ، جب یہ شریف خاندان کے فیملی بزنس پر الزامات لگاتے ہیں تو اس سے ثابت ہوتا ہے کہ انکے پاس کہنے کو کچھ نہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کا وہی بیانیہ ہے جو نواز شریف کا بیانیہ ہے ، شہباز شریف طبیعت کے اعتبار سے اگرچہ تھوڑے مختلف ہیں لیکن وہ بھی بیانیہ نواز شریف کا ہی مانتے ہیں ۔ اگر شہباز شریف اپنے بھائی سے دھوکہ کرتے تو آج وہ وزیر اعظم ہوتے اور انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بننا پڑتا ۔

تازہ ترین