اسلام آباد (مہتاب حیدر) وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس، پاکستان اب تک ویکسین کے 60لاکھ ڈوز حاصل کرچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کا حصول مسائل کا باعث ہے، رواں برس کے اختتام تک 7کروڑ افراد کو ویکسین لگادی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق، کوروناوائرس کی ویکسین کا حصول ترقی یافتہ ممالک کے لیے بھی درد سر بن گیا ہے لیکن پاکستانی حکام نے رواں برس کے اختتام تک 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا تخمینہ لگایا ہے۔ بھارت نے ویکسین برآمدات پر پابندی عائد کردی ہے، جس کی وجہ سے پاکستان کی مشکلات بڑھ گئی ہیں کیوں کہ اس سے قبل اسلام آباد کا زیادہ سے زیادہ ویکسین پڑوسی ملک سے حاصل کرنے کا منصوبہ تھا۔ تاہم، حکام نے متبادل منصوبہ بنایا ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ جلد ہی یومیہ 1 لاکھ افراد کو ویکسین لگا لیں گے۔ جب کہ یہ تخمینہ بھی لگایا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں یومیہ 2 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جائے اور روزمرہ بنیاد پر ویکسین کی بڑھتی طلب کو پورا کیا جائے۔ پی ٹی آئی حکومت نے اب تک ویکسین کے حصول کے لیے 15 کروڑ ڈالرز کی منظوری دی ہے، جب کہ اسلامی ترقیاتی بینک سے اس مقصد کے لیے 9 کروڑ ڈالرز منظوری کی سمری بھی بھجوائی جائے گی۔ اس طرح ویکسین کے لیے مختص رقم 24 کروڑ ڈالرز ہوجائے گی۔